وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے سپیشل بچوں کے لیے انقلابی اقدامات ہیلتھ اسکریننگ، جدید کورسز اور سیکیورٹی نظام متعارف

14

لاہور، 26 اکتوبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں سپیشل ایجوکیشن کے طلبہ کے لیے تاریخی اور جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ سپیشل ایجوکیشن کے طلبہ کی ہیلتھ اسکریننگ کا جامع پروگرام شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت صوبے بھر میں 35 ہزار 600 سے زائد خصوصی بچوں کا معائنہ کیا گیا۔پروگرام کے تحت 34 ہزار سے زائد طلبہ کا علاج، آئی ٹیسٹنگ، دانتوں کا معائنہ اور دیگر امراض کا علاج کیا گیا، جن میں سے 20 ہزار طلبہ کا علاج موقع پر ہی مکمل کیا گیا۔ اسی طرح 9 ہزار سے زائد طلبہ کا علاج تحصیل اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں جبکہ 5 ہزار طلبہ کا علاج بڑے شہروں کے اسپتالوں میں کیا گیا۔پنجاب میں سپیشل طلبہ کے داخلوں کے لیے ڈور ٹو ڈور مہم کامیابی سے مکمل ہوئی، جس کے نتیجے میں 5 ہزار سے زائد نئے طلبہ کا اندراج کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے خودمختار پروگرام کے تحت سپیشل ایجوکیشن مراکز میں دو خصوصی کورسز — ڈیزائن اینڈ یوٹیوب، کنٹنٹ کری ایشن، سوشل میڈیا اور ای کامرس — کا آغاز کر دیا گیا ہے۔سپیشل ایجوکیشن مراکز میں 10 نئی اسٹیٹ آف دی آرٹ کمپیوٹر لیبز کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ 8 موجودہ لیبز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت 18 ماسٹر ٹرینرز اور 1760 طلبہ کو تربیت دی جائے گی، جبکہ پہلی 50 پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ کو لیپ ٹاپ دیے جائیں گے۔طلبہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے 142 سپیشل ایجوکیشن مراکز میں 989 کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں۔ دوسرے مرحلے میں 158 انسٹی ٹیوٹس میں 4381 کیمرے مئی تک نصب کیے جائیں گے۔ تمام کیمروں کو لاہور میں قائم سنٹرل سرویلنس روم سے منسلک کیا جا رہا ہے، تاکہ طلبہ کی سیکیورٹی اور رویوں کی نگرانی اور بہتری ممکن بنائی جا سکے۔نومبر تک سپیشل ایجوکیشن مراکز میں 3450 کیمرے نصب کر دیے جائیں گے تاکہ خصوصی بچوں کے تحفظ اور بہتر تربیتی ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔