وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ،  اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا

16

اسلام آباد،27 اکتوبر(اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا۔انہوں  نے نیشنل پولیس اکیڈمی کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور زیر تعمیر نئے ہاسٹل  پرجاری تعمیراتی کام کا  معائنہ کیا۔

 اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ گیارہ منزلہ بلڈنگ کو پانچ ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا ٹاسک دیا اور ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں کو معیار اور شفافیت کے ساتھ بروقت مکمل کیا جائے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے آفیسرز میس کا بھی دورہ کیا اور زیرتربیت افسران کے لئے تیار کھانا  کھا کر معیار چیک کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اکیڈمی کے سپورٹس کمپلیکس کا  معائنہ کیا اور سپورٹس کمپلیکس کی از سر نو بحالی  کی ہدایت کی۔

وزیر داخلہ نے فائرنگ سیمولیشن روم کا بھی دورہ بھی کیا اور فائرنگ سیمولیشن روم کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی پولیس فورس کی ریڑھ کی ہڈی ہے، بہترین تربیت یافتہ افسران اور فورس ہی عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی  کو جدید سہولیات سے آراستہ ادارہ بنائیں گے۔

چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وفاقی وزیر داخلہ کو تعمیراتی کام پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ گیارہ منزلہ عمارت کے سٹرکچر ورک میں تیسری منزل کی چھت تک کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ نیشنل پولیس اکیڈمی میں جاری تعمیراتی کام شیڈول کے مطابق جاری ہے۔

کمانڈنٹ نیشل پولیس اکیڈمی، ممبر سی ڈی اے اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔