ملتان : یومِ سیاہ کے موقع پر سیمینار اور آگاہی ریلی کا انعقاد

44

ملتان،27اکتوبر(اے پی پی ): مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف یومِ سیاہ کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام رضا ہال میں سیمینار اور آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

 ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے ریلی کی قیادت کی، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابوبکر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف، مختلف محکموں کے افسران، سول سوسائٹی اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔

ریلی رضا ہال سے چوک کچہری تک نکالی گئی، جس میں شرکاء نے کشمیری بھائیوں کے حق میں نعرے لگائے اور بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی۔سیمینار کے دوران شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر  بھارت کے غاصبانہ قبضے کا سیاہ ترین دن ہے۔ اس روز بھارتی قیادت نے تاریخ عالم کے چہرے پر سیاہ داغ چھوڑا۔ پاکستان کشمیری بھائیوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا۔پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص میں بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، کوئی انہیں جدا نہیں کرسکتا۔ اقوامِ عالم کو مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے سنجیدہ کردار ادا کرنا ہوگا۔

ریلی میں پی ایچ اے، محکمہ صحت، تعلیم اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سمیت مختلف سرکاری اداروں کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔