27 اکتوبر 1947 کا دن کشمیری عوام کی تاریخ کا سب سے سیاہ باب ہے، محمد غلام حسین باجوئی   

48

کوئٹہ،27(اے پی پی):  ایس پی محمد غلام حسین باجوئی   نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947 کا دن کشمیری عوام کی تاریخ کا سب سے سیاہ باب ہے، جب بھارتی افواج نے غیر قانونی طور پر وادی کشمیر پر قبضہ کیا۔

ان خیالات کااظہارانہوں  نے اوستہ محمد یوم سیاہ کے دن کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتےہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دن بھارتی افواج نے کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوامِ متحدہ کے اصولوں کو پامال کرتے ہوئے وادی میں زبردستی داخل ہو کر ظلم و بربریت کا آغاز کیا، جو آج بھی مختلف شکلوں میں جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ کے طور پر منایا جاتا ہے تاکہ عالمی برادری کو یہ یاد دلایا جا سکے کہ کشمیر کے عوام آج بھی اپنے حقِ خودارادیت کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ کشمیری عوام نے گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی ریاستی جبر، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے باوجود اپنی جدوجہد آزادی کو جاری رکھا ہوا ہے۔

ایس پی غلام حسین باجوئی نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر فورم پر ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ظلم اور جبر کبھی دیرپا نہیں ہوتا اور آزادی کی جدوجہد بالآخر کامیاب ہوتی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو اس کے مظالم سے روکے اور کشمیریوں کو ان کا جائز حق، یعنی حقِ خودارادیت، دلانے میں عملی کردار ادا کرے۔