صوبائی وزیر صحت پنجاب کی زیر صدارت پنجاب ہیومن آرگن حوالہ سے اہم اجلاس

16

لاہور، 27 اکتوبر(اے پی پی):  صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی میں بون میرو ٹرانسپلانٹیشن کے حوالہ سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر محمد وسیم، ڈائریکٹر جنرل پی ہوٹا پروفیسر محمد عامر زمان خان،  صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ڈاکٹر محمد اظہار چوہدری و دیگر افسران نے شرکت کی۔وڈیو لنک کے ذریعے سی ای او پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر محمد ثاقب عزیز، بون میرو ٹرانسپلانٹ فزیشن ڈاکٹر ایاز میر، میجر جنرل پرویز احمد و دیگر نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کے دوران بون میرو ٹرانسپلانٹیشن کے پراجیکٹ کے حوالہ سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر بون میرو ٹرانسپلانٹیشن کے پراجیکٹ کو جلد شروع کرنا چاہتے ہیں، اجلاس کے دوران تمام سٹیک ہولڈرز کی قیمتی تجاویز پر بھی غور کیا گیا ہے، خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ہمارے لئے ٹرانسپلانٹیشن کے دوران سب سے اہم مریضوں کے محفوظ علاج و معالجہ کو یقینی بنانا ہے جبکہ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام، چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام اور چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام حکومت پنجاب کے فلیگ شپ پروگرامز ہیں، خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام کے حوالہ سے اہم فیصلے کئےگئے اور عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں، پنجاب  میں انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری کا کاروبار چلانے والوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جا رہا ہے۔