وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی ہم منصب اور سپریم نیشنل سکیورٹی  کونسل کے سیکرٹری  علی اردشیر لاریجانی  سے الگ الگ ملاقات

9

تہران،29 اکتوبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے  سپریم نیشنل سکیورٹی   کونسل کے سیکرٹری  علی اردشیر لاریجانی اور ایرانی ہم منصب سکندر مومنی سے الگ الگ ملاقات کی۔

سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل آفس آمد پر سیکرٹری علی اردشیر لاریجانی نے وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات میں پاک ایران تعلقات اور سکیورٹی تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ انسداد دہشتگردی ۔ انسداد منشیات اور بارڈر مینجمنٹ کے حوالے سے  بھی بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں باہمی تعاون کے لئے مشترکہ روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور  دیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن  نقوی  کا کہنا تھا کہ سکیورٹی سمیت انسداد منشیات کے لئے ایران کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔

سیکرٹری سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل ایران  نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت خوش آئند ہ

ملاقات میں پاک ایران وزرائے داخلہ نے  داخلی سکیورٹی کے امور پر باہمی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ای سی او وزارتی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر ایرانی ہم منصب سکندر مومنی کو مبارکباد دی اور کہا کہ رکن ممالک کے لئے یہ وزارتی کانفرنس دوررس نتائج کی حامل ہو گی۔انہوں نے کہا کہ داخلی  سلامتی  سے متعلق امور  پر  ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی ہم منصب سکندر مومنی کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی ۔ جس پر ایرانی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جلد اپنے بھائی  سے ملنے  اسلام آباد آوں گا۔

ایرانی وزیر داخلہ نے ای سی او وزارتی کانفرنس میں شرکت پرپاکستانی ہم منصب محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔

وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، ایران میں پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو، ایرانی وزارت داخلہ کے اعلی حکام اور سفارتی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔