کمشنر ملتان کی زیر صدارت اجلاس، غیر قانونی ایل پی جی، پیٹرول اور سی این جی یونٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

20

ملتان، 29 اکتوبر ( اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں غیر قانونی ایل پی جی، پیٹرول اور سی این جی یونٹس کے خلاف کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سول ڈیفنس، سیکرٹری آر ٹی اے، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہری علاقوں میں غیر قانونی پیٹرول، ایل پی جی اور سی این جی یونٹس انسانی جان و مال کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح ہدایت کی کہ گنجان آباد علاقوں میں ایل پی جی کنٹینرز کھڑے کرنے اور غیر قانونی ری فلنگ کی ہرگز اجازت نہ دی جائے۔ سول ڈیفنس کو فوری طور پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے غیر قانونی ایل پی جی دکانوں کو سیل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔

کمشنر نے کہا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے غیر معیاری سلنڈرز اور خطرناک گیس یونٹس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔ انہوں نے شہر کو زونز میں تقسیم کرتے ہوئے ہر زون میں سیکٹر انچارجز مقرر کرنے کی ہدایت کی تاکہ کارروائیوں کی مؤثر نگرانی ممکن ہو سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ضبط شدہ سامان کسی صورت بغیر قانونی کارروائی کے واپس نہ کیا جائے اور اگر کسی اہلکار نے ایسا کیا تو اس کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہائی ویز کے قریب واقع ہوٹلوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں تاکہ ایل پی جی باؤزرز کی آمد و رفت اور قیام کی مدت کا مکمل ریکارڈ رکھا جا سکے۔ کمشنر نے کہا کہ ایسے باؤزرز جو مقررہ وقت سے زیادہ قیام کرتے ہیں ان کی خصوصی مانیٹرنگ کی جائے۔

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ غیر قانونی پیٹرول یونٹس، ڈیکینٹنگ شاپس اور منی پیٹرول پمپ مشینوں کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے۔ کمشنر عامر کریم خان نے ہدایت کی کہ سی این جی اور ایل پی جی کی وہ دکانیں جو حفاظتی اقدامات کے بغیر کام کر رہی ہیں انہیں فوری طور پر سیل کیا جائے اور ایف آئی آر درج کرائی جائے۔کمشنر نے ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں غیر قانونی ایل پی جی اور پیٹرول یونٹس کے خلاف کارروائیوں پر مکمل رپورٹ پیش کی جائے تاکہ تمام اقدامات کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ سکول بسوں، مسافر گاڑیوں اور رکشوں میں نصب سلنڈرز کی از سرِ نو فٹنس انسپکشن کی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔ پبلک ٹرانسپورٹ کی فٹنس چیکنگ کے لیے سیکرٹری آر ٹی اے کو فوری اقدامات کی ہدایت جاری کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے اجلاس میں کہا کہ کسی بھی حادثے کی صورت میں متعلقہ سیکٹر انچارج ذمہ دار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کے تحفظ اور قانون کی عملداری ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔