وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان کی زیرِ صدارت لیوگونگ ایگری کلچرل مشینری کے سی ای او فرینک وان اور ٹریکٹر مینوفیکچررز کا اعلیٰ سطحی اجلاس

10

اسلام آباد، 29 اکتوبر (اے پی پی ): وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیرِ صدارت لیوگونگ ایگری کلچرل مشینری کے سی ای او فرینک وان اور ٹریکٹر مینوفیکچررز کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ٹریکٹرز کی جدید ٹیکنالوجی، گنے کی کٹائی کے لیے مشینری اور مقامی سطح پر زرعی مشینری کی تیاری سے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی۔

فرینک وان کا کہنا تھا کہ لیوگونگ بھاری مشینری، کرینز، لوڈرز، ایکسکیویٹرز، ٹریکٹرز اور بلڈوزرز تیار کرتی ہے اور اپنے شراکت داروں کو زرعی مشینری و شوگر کین ہارویسٹنگ کے حوالے سے تربیت بھی فراہم کرتی ہے۔

ہارون اختر خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، زراعت اور ٹریکٹر مینوفیکچررز کو قریب لانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی مینوفیکچرنگ کے فروغ سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ پاکستان میں تیار ہونے والی جدید زرعی مشینری برآمدات کے نئے دروازے بھی کھولے گی۔ حکومت اس سلسلے میں مقامی مینوفیکچررز کو جدید ٹیکنالوجی اپنانے میں ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔