لاہور،29 اکتوبر (اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر محکمہ صحت و آبادی کی جانب سے مختلف مکاتب فکر کے علما، مشائخ، خطیب اور امام حضرات کے ساتھ خصوصی نشست منعقد ہوئی جس میں پنجاب کے مختلف اضلاع سے علما و مشائخ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ پارلیمانی سیکرٹری بہبود آبادی اسما ناز عباسی، ڈائریکٹر جنرل بہبود آبادی کیپٹن (ر) اورنگ زیب حیدر خان اور ممتاز مذہبی اسکالر ڈاکٹر محمد شہزاد مجددی بھی موجود تھے۔خواجہ عمران نذیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خاندانی منصوبہ بندی اور بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں علما و مشائخ کا تعاون اور رہنمائی ناگزیر ہے تاکہ بڑھتی آبادی کے مسائل سے بہتر طور پر نمٹا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ زیادہ آبادی اور مناسب وقفہ نہ ہونے سے ماں اور بچے دونوں کی صحت متاثر ہوتی ہے، جبکہ ہسپتالوں اور ڈاکٹروں پر مریضوں کا بوجھ بھی بڑھ جاتا ہے۔ اس کے نتیجے میں نیوٹریشن کے مسائل جنم لیتے ہیں اور بچے اپنی پوری استعداد سے محروم رہ جاتے ہیں۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ خوشحال، متوازن اور صحت مند خاندان کی تشکیل ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ حکومت پنجاب علمائے کرام کے تعاون سے خاندانی بہبود کے پیغام کو معاشرتی سطح پر عام کر رہی ہے تاکہ ماں اور بچے کی صحت کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ خاندانی منصوبہ بندی اسلام کے بنیادی اصولِ اعتدال اور انسانی فلاح سے ہم آہنگ عمل ہے۔ علما و مشائخ کی رہنمائی سے اس مقصد کے حصول میں مدد ملے گی اور معاشرے میں شعور و آگاہی کو فروغ دیا جا سکے گا۔











