پاکستانی قوم نے ہمیشہ ترک عوام کے ساتھ محبت، قربت اور اخوت کا مظاہرہ کیا ہے،  مستقبل میں بھی یہ دوستی مزید مضبوط ہو گی، رانامشہوداحمدخان

11

اسلام آباد،29اکتوبر  (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانامشہود احمدخان  نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ ترک عوام کے ساتھ محبت، قربت اور اخوت کا مظاہرہ کیا ہے،ہم نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں کھڑے ہونے کا عزم کر رکھا ہے، اور مستقبل میں بھی یہ دوستی مزید مضبوط ہو گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یادگار پاکستان  پر ترکیہ کے قومی دن کے حوالے سے تقریب  سے خطاب  کرتےہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی سیدہ آمنہ بتول، اعلیٰ سرکاری شخصیات، طلباء، میڈیا نمائندگان اور سول سوسائٹی کے ارکان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب کا آغاز پاکستان اور ترکیہ کے قومی پرچموں کی پرچم کشائی سے ہوا جس کے بعد دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ فضا میں دونوں ملکوں کے جھنڈے لہراتے ہوئے برادرانہ تعلقات کی علامت بن گئے۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی تاریخ کے سنہری اوراق میں درج ہے۔ خلافت تحریک کے دور سے لے کر آج تک پاکستانی قوم نے ہمیشہ ترک عوام کے ساتھ محبت، قربت اور اخوت کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ترکیہ کے قومی دن پر ہم یادگار پاکستان سے یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات نہ صرف حکومتوں کی سطح پر بلکہ عوام کے دلوں میں بھی رچے بسے ہیں۔رانا مشہود احمد خان نے مزید کہا کہ ترکیہ کلچر ویک اس وقت پورے پاکستان میں جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے، جس کے تحت مختلف شہروں میں ثقافتی نمائشیں، میوزک کنسرٹس، اور فوٹو ایکزیبیشنز منعقد کی جا رہی ہیں تاکہ دونوں ممالک کے تاریخی اور ثقافتی رشتوں کو اجاگر کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں ترکیہ اور پاکستان کی تاریخی دوستی پر مبنی تصویری نمائش نے عوام کی بھرپور توجہ حاصل کی، جبکہ ترک موسیقی اور آرٹ کے مظاہروں نے تقریب کو مزید رنگین بنا دیا۔انہوں نے اس موقع پر ترکیہ کے عوام اور حکومت کو قومی دن کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ترک قوم کے جذبے، ترقی کے عزم، اور ثقافتی خودی سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کے لیے ترکیہ کے اداروں سے اشتراک کو مزید وسعت دی جا رہی ہے تاکہ نوجوان دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی و ثقافتی پل کا کردار ادا کر سکیں۔ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ پاکستان کو اپنا قریبی برادر ملک سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ہم نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں کھڑے ہونے کا عزم رکھا ہے، اور مستقبل میں بھی یہ دوستی مزید مضبوط ہو گی۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون تعلیم، ثقافت، نوجوانوں کے تبادلے، اور اقتصادی ترقی کے میدانوں میں بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے نوجوان دونوں ممالک کے مستقبل کے تعلقات میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔تقریب کا اختتام دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی اور باہمی تعلقات کی مضبوطی کے لیے دعا پر ہوا۔