مسقط،30 اکتوبر (اے پی پی ): وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی مسقط میں عمان کے رائل منسٹر جنرل سلطان بن محمد ال نعمانی سے اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاک عمان تعلقات اور پاکستانی شہریوں کے ویزا ایشوز کے حل کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔ اور پاک عمان تعلقات کے فروغ کے لئے باہمی رابطے بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ عمان اور پاکستان مشترکہ مذہبی و ثقافتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔
عمان میں لاکھوں پاکستانی برسرروزگار ہیں اور معیشت کی مضبوطی میں کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ویزا میں آسانیاں پیدا ہونے سے مزید سکلڈ ورک فورس عمان جا سکے گی۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمان کے ساتھ ہر سطح پر شراکت داری بڑھانا چاہتے ہیں۔
عمانی رائل منسٹر سلطان بن محمد ال نعمانی نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان برادرانہ و تاریخی رشتہ ہے ۔











