اسلام آباد، 30 اکتوبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے قائداعظم یونیورسٹی میں اسٹیم فیب لیب کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کر رہی ہے اور پاکستان کو بھی اس دوڑ میں قدم سے قدم ملا کر چلنا ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید سائنسی اور ٹیکنیکل مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ مستقبل کے تقاضوں کے مطابق ملک کی تعمیر و ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
خالد حسین مگسی نے اعلان کیا کہ پاکستان کے ہر ضلع میں جدید سائنسی لیبارٹریاں قائم کی جائیں گی تاکہ تحقیق اور اختراع (innovation) کا کلچر فروغ پا سکے۔
انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں چین اور بنگلہ دیش جیسے ممالک سے پیچھے رہ گیا ہے، تاہم نوجوان نسل ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی حقیقی ترقی جدید سائنس، تحقیق اور اختراع سے وابستہ ہے اور حکومت اس سمت میں ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔











