پنجاب کے 750 سے زائد کالجوں کے اساتذہ کی ریشنلائزیشن کا انرولمنٹ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا: وزیر تعلیم پنجاب

17

لاہور، 31 جولائی (اے پی پی): وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ صوبے میں سکولوں کے بعد کالجز میں بھی ریشنلائزیشن پالیسی نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب کے 750 سے زائد کالجوں کے اساتذہ کی انرولمنٹ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا۔ اپنے جاری کردہ ویڈیو بیان میں وزیر تعلیم نے کہا کہ اسٹوڈنٹ-ٹیچر ریشو کے تحت سرپلس اساتذہ کو ریشنلائزیشن پالیسی کے زمرے میں لایا جائے گا، جبکہ کم انرولمنٹ والے کالجز اور کامرس کالجز کو مرحلہ وار آؤٹ سورس کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کالجز کے اساتذہ کو انرولمنٹ بہتر کرنے کے لیے تین ماہ کا وقت دیا گیا ہے، بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ رانا سکندر حیات نے مزید بتایا کہ کامرس کالجز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے انہیں ای-کامرس کالجز میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جعلی انرولمنٹ کرنے والے اداروں اور اساتذہ کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔