بھارت کی پروپیگنڈا مہم بےبنیاد ،پاکستان کی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوتی، وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری

10

اسلام آباد۔1نومبر  (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے  بھارت کی جانب سے چلائی جانے والی پروپیگنڈا مہم کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا  ہےکہ پاکستان ایک ذمہ دار اور خود مختار ملک ہے،  پاکستان دوسرے ملکوں کی خود مختاری کا بھی احترام کرتا ہے۔

ہفتہ کو وہ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ بھارت پہلگام واقعہ اور  آپریشن سندور کی ناکامی سے ہونے والی خفت  کو مٹانے کے لیے اوچھی حرکتوں پر اتر آیا ہے، بھارت کی جانب سے حالیہ دنوں میں چلائی جانے والی پروپیگنڈا مہم بےبنیاد اور من گھڑت ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے سکیورٹی اداروں کے پاس اس مہم کے ثبوت موجود ہیں اور معاملے کو بین الاقوامی سطح پر بھی بےنقاب کیا جائے گا۔ وزیر مملکت نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے ایک ماہی گیر اعجاز ملاح کا معاملہ اس پروپیگنڈا کی نمایاں مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی کوسٹل گارڈ نے ستمبر میں ایک ماہی گیر کو حراست میں لیا، اسے خوفزدہ کر کے جیل میں رکھنے کا ڈراوا دیا گیا اور ساتھ ہی مالی لالچ دیا گیا

۔ طلال چوہدری کے مطابق گرفتار شخص کے خلاف 95 ہزار روپے کی ٹرانزیکشنز کے ثبوت اور دیگر ریکارڈ پاکستانی اداروں کے پاس ہیں۔  طلال چوہدری نے کہا کہ یہ کوششیں اندرونی سیاسی مقاصد، خصوصاً بھارت میں انتخابات کے پیشِ نظر اپنا امیج بحال کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان ایک خودمختار اور ذمہ دار ریاست ہے، ہماری زمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوتی اور ہم دوسرے ملک کی خودمختاری کا احترام کرتے ہیں۔ اگر کہیں حقیقی صورتِ حال ہو تو ہم بین الاقوامی میڈیا کو لے  جاکر ثبوت دکھانے کے لیے تیار ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران طلال چوہدری نے یہ بھی کہا کہ گرفتار ملزم کے ایک ہینڈلر کی طرف سے فون کالز کی آڈیو بھی موجود ہے جس میں پاکستانی افواج کی وردیاں، سِم کارڈز اور دیگر اشیاء کی فراہمی کی ہدایات دی جا رہی ہیں۔ اس طرح کے منظم اقدامات کا مقصد بین الاقوامی اور اندرونی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔ انہوں نے عوام کو بھی خبردار کیا کہ وہ لالچ یا خوف کے ذریعے کسی کے ہاتھوں استعمال نہ ہوں اور بتایا کہ متعلقہ ادارے پوری طرح چوکس ہیں اور ہر حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران گرفتار کیے گئے اعجاز ملاح کا اعترافی ویڈیو بیان اور بھارتی ہینڈلر کے ساتھ اس کی گفتگو بھی میڈیا کے سامنے پیش کی گئی جس میں بھارتی ہینڈلر اس سے پاکستانی فورسز کی وردیوں، ٹیلی نار کی سموں اور دیگر اشیاء کی فراہمی کی ہدایت کر رہا تھا۔