اسلام آباد، 03 نومبر (اے پی پی ):سیکرٹری خزانہ امداداللہ بوسال نےکہا ہے کہ حکومت نے قرضوں کے انتظام، پنشن اصلاحات اور مالیاتی نظم کے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قرضوں کے مؤثر انتظام اور زیرو کوپن بانڈز کے اجرا سے مالی دباؤ میں نمایاں کمی آئی ہے، جبکہ نئی پنشن اسکیم سے آئندہ دس برسوں میں اخراجات میں مزید کمی متوقع ہے۔
پیرکے روز وزیرخزانہ محمداورنگزیب اور حکومت کی معاشی ٹیم کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ان کا کہنا تھا کہ قرضوں کے انتظام و انصرام کے لیے جدید عالمی طریقہ کار اپنایا جا رہا ہے اور ڈیبٹ مینجمنٹ آفس میں اصلاحات کے باعث نیلامی کے نتائج تسلی بخش ہیں۔
سیکرٹری خزانہ نے مزید کہا کہ حکومت طویل المدتی فنانسنگ کو ترجیح دے رہی ہے اور قلیل مدتی قرضوں پر انحصار کم ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں کمی اور مالیاتی نظم و ضبط کے اقدامات کے باعث مالیاتی فضا میں استحکام پیدا ہوا ہے، جو مستقبل میں پائیدار معاشی نمو کے لیے مثبت اشارہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا فوکس مضبوط، شفاف اور سرمایہ کار دوست معیشت کی تشکیل پر ہے، جہاں اصلاحات، استحکام، اور ترقی ایک ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں تاکہ پاکستان کو ایک پائیدار اور مستحکم اقتصادی نظام کی جانب گامزن کیا جا سکے۔











