ملتان،3نومبر (اے پی پی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ترقی کا سفر تیز کرنے کیلئے ضلعی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی و ایم پی اے سلمان نعیم کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں ضلع ملتان کیلئے 4 ارب 85 کروڑ روپے کی نئی ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو، اراکین اسمبلی علی حیدر گیلانی، ملک نازک کریم، رانا اقبال سراج، واصف مظہر راں اور میاں کامران مڑل نے شرکت کی جبکہ رکن قومی اسمبلی علی قاسم گیلانی نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
ضلع بھر کے تمام محکموں کے افسران نے اجلاس میں مختلف سکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ سیلاب کے دوران بہترین کارکردگی پر ضلعی انتظامیہ کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین کوآرڈینیشن کمیٹی سلمان نعیم نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وسائل کا رخ جنوبی پنجاب کی طرف موڑ دیا ہے۔ عوامی مفاد کے منصوبوں کو ترجیح بناکر انفراسٹرکچر بہتر کیا جارہا ہے۔ ترقیاتی منصوبے عوامی فلاح و بہبود کے لئے سنگ میل ثابت ہوں گے۔
ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ تمام محکمے ترقیاتی سکیموں کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنائیں، عوامی مفاد کے منصوبوں میں شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کی جائے گی۔ اراکین اسمبلی اور تمام محکموں کے تعاون سے ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔











