حکومت نے ملک میں کیش لیس اکانومی کے فروغ پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے،ڈیٹا ایکسچینج لیئر کے پائلٹ پراجیکٹ کا دسمبر میں آغاز ہوگا ،شزا فاطمہ خواجہ

12

اسلام آباد ، 03 نومبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزافاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں کیش لیس اکانومی کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، اور ڈیٹا ایکسچینج لیئر کے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز دسمبر میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سطح پر 2026 تک تمام ادائیگیاں ڈیجیٹل طریقے سے کی جائیں گی۔

پیر کو اسلام آباد میں وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف ڈیجیٹل پاکستان کے وژن میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں، جس کے تحت ڈیجیٹل معیشت، ڈیجیٹل سوسائٹی اور ڈیجیٹل گورننس کے شعبوں میں عملی پیش رفت جاری ہے۔

وزیر آئی ٹی نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں میں اضافے سے ٹیکس نیٹ میں وسعت اور شفافیت آئے گی، جبکہ شہریوں کے لیے مالیاتی سہولیات مزید آسان ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ راست پلیٹ فارم کے ذریعے بلوں اور حکومتی خدمات کی ڈیجیٹل ادائیگی ممکن ہوئی ہے اور اسلام آباد سمارٹ ایپ کے ذریعے شہریوں نے گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس کی مد میں ایک ارب روپے سے زائد ادا کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن سے شفافیت، کارکردگی اور بینکنگ تک رسائی میں بہتری آئے گی اور غیر رسمی معیشت کو رسمی دائرے میں لانے میں مدد ملے گی۔