ننکانہ صاحب میں بابا گورونانک کے جنم دن,سکھ یاتریوں کی آمد کا سلسلہ جاری

15

ننکانہ ،04 نومبر(اے پی پی ): ننکانہ صاحب میں بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات کا آغاز ہو گیا جس میں اندرون و بیرون ممالک سے سکھ یاتریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکھ یاتریوں کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ سکھ یاتریوں نے اپنی مذہبی رسومات ادا کرنی شروع کر دیں۔ بھارت سے 2 ہزار سے زاٸد سکھ یاتری آج ننکانہ صاحب پہنچے گے۔ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو اور ڈی پی او فراز احمد نے گوردوارہ تنمبو صاحب کا دورہ کیا اور گوردوارہ کے اندر اور اطراف میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔

انہوں نے میڈیکل کیمپ ، ریسکیو کیمپ سمیت دیگر انتظامات کو چیک کیا۔ ڈی سی نے سکھ یاتریوں کی گاڑیوں کے لیے مختص پارکنگ کا معائنہ بھی کیا۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر ننکانہ صاحب میں ساتوں گوردوارہ جات کو سجایا گیا ہے۔ ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی لائٹنگ کا اہتمام کرنے کے ساتھ ساتھ سکھ یاتریوں کے لیے لنگر ، رہائش ، علاج معالجے اور صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ننکانہ نے کہا کہ پاکستانی قوم سکھوں سے بے پناہ محبت کرتی ہے۔ پاکستان سکھ قوم کا دوسرا گھر ہے ، اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔سکھ یاتری پاکستان سے اچھی یادیں لے کر جائیں گے۔ننکانہ صاحب میں بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات 6 نومبر تک جاری رہیں گی۔