صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے عراقی صدر ڈاکٹر عبداللطیف جمال رشید کی دوحہ میں ملاقات

9

اسلام آباد، 4 نومبر (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے دوحہ میں عراقی صدر ڈاکٹر عبداللطیف جمال رشید سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور عراق کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

عراقی صدر نے صدرِ پاکستان کو دورۂ عراق کی دعوت دی جسے صدر زرداری نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ عراقی پارلیمانی انتخابات کے بعد جلد دورۂ عراق کریں گے۔ ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، بزنس ٹو بزنس روابط کے قیام اور ویزا سہولتوں میں اضافے کی ضرورت پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

صدرِ مملکت نے پاکستانی زائرین کے لیے عراقی حکومت کے تعاون کو سراہا اور عراق میں مقیم پاکستانی برادری کے کردار کو دونوں ممالک کے درمیان خیرسگالی کا پل قرار دیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن و استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

بی بی آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان کے سفیر برائے قطر بھی اس موقع پر موجود تھے۔