گھڑ سواری پاکستان کے ثقافتی ورثے اور شناخت کا اہم حصہ ہے، یوسف رضا گیلانی

5

اسلام آباد،03نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ گھڑ سواری پاکستان کے ثقافتی ورثے اور شناخت کا اہم حصہ ہے،گھڑ سواری نظم و ضبط، صبر اور ہم آہنگی کا درس دیتی ہے،کھیل نوجوان نسل کو اپنی روایات اور ثقافت سے جوڑتے ہیں، کھیل ہماری ثقافتی شناخت اور قومی اتحاد کا مظہر ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کومدروٹہ میں گھڑ سواری چیمپئن شپ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مدروٹہ اپنی شان دار تاریخ، بہادر لوگوں اور گھڑ سواری کی روایات کے لیے مشہور ہے،مقامی کھیل کسی خطے کی ثقافت اور تہذیب کی عکاسی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گھڑ سواری پاکستان کے ثقافتی ورثے اور شناخت کا اہم حصہ ہے، گھوڑے اسلامی تاریخ میں وفاداری، طاقت اور فخر کی علامت رہے ہیں۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ نے گھوڑوں کو ان کی وفاداری اور برداشت کے باعث پسند فرمایا،گھڑ سواری نظم و ضبط، صبر اور ہم آہنگی کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوان نسل کو اپنی روایات اور ثقافت سے جوڑتے ہیں، گھڑ سواروں کی بہادری اور مہارت فخر کا باعث ہے،نیزہ بازی ہماری قدیم روایات میں خاص مقام رکھتی ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سردار شانی اور ٹیم کی کوششوں سے مدروٹہ گھڑ سواری کا مرکز بن چکا ہے،حکومت روایتی کھیلوں کے فروغ کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھے گی،کھیل ہماری ثقافتی شناخت اور قومی اتحاد کا مظہر ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ملک کے جو حالات ہیں ان میں اس طرح کی تقریبات تفریح کا اہم ذریعہ ہیں، اللہ پاکستان کو اتحاد، خوشحالی اور ترقی سے نوازے۔