صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے چین کے نائب صدر ہان ژنگ کی ملاقات

7

اسلام آباد، 5 نومبر (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے دوحہ میں جاری سماجی ترقی سے متعلق دوسری عالمی کانفرنس کے موقع پر چین کے نائب صدر ہان ژنگ سے ملاقات کی۔

صدرِ مملکت نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی اور ہر موسم کے اسٹریٹجک شراکت دار ہیں۔ انہوں نے چین کی جانب سے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین سے دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔صدر زرداری نے سی پیک کے کامیاب نفاذ میں چین کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ منصوبے کا دوسرا مرحلہ اعلیٰ معیار کی ترقی کے نئے دور میں داخل ہو چکا ہے۔

چین کے نائب صدر ہان ژنگ نے صدر شی جن پنگ کی جانب سے نیک تمنائیں پہنچائیں اور پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں اور علاقائی امن کے لیے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ چین سی پیک کے دوسرے مرحلے میں پاکستان کی ترقی میں تعاون جاری رکھے گا، جس میں ٹرانسپورٹ، انفراسٹرکچر، آئی ٹی، زراعت اور ووکیشنل تربیت جیسے شعبے شامل ہوں گے۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی اعتماد، احترام اور علاقائی خوشحالی کے وژن پر مبنی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور علاقائی و عالمی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔