اسلام آباد، 05 نومبر (اے پی پی ) : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز قومی اسمبلی میں پارلیمنٹ کی پریس گیلری سے صحافیوں کے واک آؤٹ کا جواب دیتے ہوئے کیا۔
کچھ میڈیا ہاؤسز کی جانب سے میڈیا ورکرز کی برطرفی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ میڈیا مالکان کے ساتھ آئندہ طے شدہ میٹنگ میں اس معاملے کو حل کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ معاملے کو حل کرنے کے لیے مستقل حل نکالا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جن صحافیوں کی خدمات نکتہ کے پلیٹ فارم سے ختم کی گئی ہیں انہیں اگلے اڑتالیس گھنٹوں کے اندر ملازمت فراہم کر دی جائے گی۔
اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب پر پولیس کے چھاپے کے حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ کل تک واقعے کی تفصیلی رپورٹ کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔











