گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان کی ملاقات

13

لاہور، 5 0نومبر (اے پی پی): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران زراعت، قابلِ تجدید توانائی، ڈیری اور پولٹری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کینیڈین ہائی کمشنر کو پاکستان میں ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دیرینہ اور خوشگوار تعلقات قائم ہیں جنہیں تجارت اور سرمایہ کاری کے ذریعے مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں ڈیری، میٹ، زراعت اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی بڑی تعداد میں معیشت میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا مضبوط پل ہیں۔

کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان نے اس موقع پر پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔