بابا گورونانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی تقریبات کا آخری روز، گوردوارہ جنم استھان میں مرکزی دعائیہ تقریب

10

لاہور، 5 0نومبر (اے پی پی): سکھ مذہب کے روحانی پیشوا بابا گورونانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی تقریبات آج اختتامی مرحلے میں داخل ہو گئیں۔ گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں اس موقع پر مرکزی دعائیہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی و صوبائی وزراء، ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب اور دنیا بھر سے آئے ہزاروں سکھ یاتریوں نے شرکت کی۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق دعائیہ تقریب کے بعد گوردوارہ جنم استھان سے گوردوارہ کیارہ صاحب تک “نگر کیرتن” کا اہتمام کیا گیا۔ ننکانہ صاحب میں مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کی شاندار مثال پیش کرتے ہوئے مسلمانوں کی جانب سے نگر کیرتن کے لیے دو کلومیٹر طویل ریڈ کارپٹ بچھایا گیا۔یہ ریڈ کارپٹ گوردوارہ جنم استھان سے گوردوارہ کیارہ صاحب تک بچھایا گیا ہے۔ ہر سال کی طرح اس بار بھی مسلمان کمیونٹی نے سکھ برادری کے لیے نیا کارپٹ تحفے میں دیا۔

نگر کیرتن کے دوران سکھ یاتری شہر کے ساتوں گوردواروں کی یاترا کریں گے اور شام تک واپس گوردوارہ جنم استھان پہنچیں گے۔

ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب نے بتایا کہ نگر کیرتن کے لیے صفائی ستھرائی اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ نگر کیرتن کے روٹس پر آنے والے راستے خاردار تاروں سے بند کیے گئے ہیں جبکہ سیف سٹیز کیمروں کے ذریعے نگر کیرتن کے روٹس کی سخت مانیٹرنگ جاری ہے۔ اہم عمارتوں کی چھتوں پر کمانڈوز بھی تعینات ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔

ترجمان کے مطابق آج رات بارہ بجے بھوگ کی رسم اور اختتامی دعا کے ساتھ بابا گورونانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی تقریبات اختتام پذیر ہوں گی۔ اختتامی تقریب کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شاندار آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔