اسلام آباد،06نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ایشیا میں فٹ بال کی ترقی کیلئے شیخ سلمان ابراہیم حماد الخلیفہ کی قیادت میں ایشین فٹ بال کنفیڈریشن (اے ایف سی )کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت فٹ بال سمیت تمام کھیلوں میں نوجوانوں کو یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایشین فٹ بال کنفڈریشن کے صدر اور فیفا کے سینئر نائب صدر شیخ سلمان ابراہیم حماد الخلیفہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔
وزیر اعظم نے صدر اے ایف سی کا خیرم مقدم کرتے ہوئے ایشیا میں فٹ بال کی ترقی کیلئے شیخ سلمان ابراہیم حماد الخلیفہ کی قیادت میں اے ایف سی کے کردار کو سراہا۔ وزیر اعظم نے حکومت کے ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حکومت فٹ بال سمیت تمام کھیلوں میں نوجوانوں کو یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ وزیر اعظم نے پاکستان میں فٹ بال کی ترقی، اسے خطے میں فٹ بال کے کھیل کے حوالے سے ایک اہم مرکز اور ایک خودمختار و میرٹ پر مبنی فٹ بال فیڈریشن کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نے پاکستان بشمول آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان میں فٹ بال کی ترقی، کوچز اور ریفریز کی فراہمی، سٹیڈیمز، قومی تربیتی مراکز اور ٹیلنٹ پاتھ ویز کے قیام کے حوالے سے پاکستان اور اے ایف سی کے تعاون میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے پاکستان میں اے ایف سی کے میچز کی میزبانی کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ شیخ سلمان ابراہیم حماد الخلیفہ نے اپنی بے مثال میزبانی پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کیلئے اے ایف سی کے تعاون کا اعادہ کیا۔











