لاہور، 06 نومبر (اے پی پی): صوبائی وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن سے چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) معظم اقبال سپرا نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پی آر اے کے اصلاحاتی ایجنڈے، مجوزہ قانونی ترامیم اور انفورسمنٹ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین پی آر اے نے وزیر خزانہ کو ریونیو اتھارٹی کے اصلاحاتی اقدامات اور ٹیکس وصولی کے نظام میں شفافیت کے لیے کی جانے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ ٹیکس سسٹم میں بدعنوانیوں کے خاتمے کے لیے ’’پیرا فورس‘‘ کی مدد لی جا سکتی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انفورسمنٹ افسران ٹیکس وصولیوں میں اضافے کو یقینی بنائیں اور بدعنوانی پر مکمل قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کریں تاکہ ٹیکس دہندگان کا اعتماد بحال ہو۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوام سے ٹیکس لینے کے باوجود سرکاری خزانے میں جمع نہ کروانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
اجلاس میں ٹیکس ادائیگی سے متعلق آگاہی مہم میں انڈسٹریز کو آن بورڈ لینے کے لیے سفارشات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ صوبہ بھر میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور محصولات کے نظام میں شفافیت کے لیے جامع اقدامات ناگزیر ہیں۔
چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا نے بتایا کہ ای آئی ایم ایس نظام کے مؤثر نفاذ کے لیے آگاہی مہم اور انفورسمنٹ ٹیموں کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ محصولات میں شفافیت اور کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔











