وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر اردوان کی ملاقات، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک

28

‎باکو ،8   نومبر ( اے پی پی) : وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے  ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی ہے۔ یہ ملاقات ترکیہ کے یومِ فتح کی پریڈ کے موقع پر ہوئی، جس میں چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔

‎دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

‎وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے یومِ جمہوریہ کے موقع پر صدر اردوان اور ترکی عوام کو دلی مبارکباد پیش کی اور پاکستان و ترکیہ کے درمیان طویل عرصے سے قائم برادرانہ تعلقات کو سراہا۔

‎انہوں نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو سیاسی، دفاعی، اقتصادی، تجارتی اور عوامی سطح پر مزید مضبوط اور ہمہ جہت شراکت داری میں بدلنے کے لیے پرعزم ہے۔

‎اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ بات طے پائی کہ ترکیہ کا ایک اعلیٰ سطحی وزارتی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا، تاکہ باہمی تعاون کے نئے امکانات پر پیش رفت کی جا سکے۔

‎ملاقات میں خطے اور مسلم دنیا کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کاوشوں پر بھی اتفاق کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک نے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر قریبی رابطہ کاری جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔