دو روزہ”ڈیٹافیسٹ 2025 “ کا افتتاح

13

اسلام آباد، 11 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے منگل کے روز دو روزہ”ڈیٹافیسٹ  2025 “ کا افتتاح کیا، جس کا عنوان ” فرام نمبرز ٹو لائیوز “ ہے۔ یہ تقریب حکومت کے وژن”  اُڑان پاکستان “ کے تحت منعقد کی جا رہی ہے، جس کا مقصد ماحولیات، معیشت، ای۔پاکستان اور سماجی مساوات جیسے اہم قومی موضوعات پر مکالمے کو فروغ دینا اور ایک خوشحال و جامع مستقبل کے لیے قابلِ عمل حکمتِ عملیاں تیار کرنا ہے۔

یہ تقریب پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس (پی بی ایس) کے زیرِ اہتمام منعقد کی گئی ہے، جو گزشتہ سال کے کامیاب ڈیٹافیسٹ 2024 کا تسلسل ہے۔ یہ حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ ملک میں ڈیٹا انضمام، جدت اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی کو فروغ دے کر پائیدار ترقی حاصل کی جائے۔

تقریب کے دوران وفاقی وزیر نے یونیورسٹی سطح پر ہونے والے کوئز، پوسٹر اور پروجیکٹ ڈسپلے مقابلوں کے لیے ٹرافیاں بھی رونمائی کیں، جن کا موضوع “اَن لاکنگ ٹومارو وِد اے آئی” رکھا گیا ہے۔ ان مقابلوں کا مقصد نوجوانوں اور طلبہ کو ڈیٹا سے وابستہ بصیرتوں کو حقیقی دنیا کے ترقیاتی چیلنجز پر لاگو کرنے کی ترغیب دینا ہے۔

احسن اقبال نے پی بی ایس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کا مظہر ہے جو ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے باخبر فیصلوں، بہتر طرزِ حکمرانی اور مؤثر عوامی خدمت کی راہیں ہموار کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ڈیٹا انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل ٹولز میں سرمایہ کاری کر رہی ہے تاکہ درست اور بروقت معلومات قومی منصوبہ بندی اور پالیسی سازی میں رہنمائی فراہم کر سکیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ”ڈیٹافیسٹ 2025 “ دراصل”  اُڑان پاکستان “ کے وژن کا ایک جیتا جاگتا مظہر ہے جو ملک کے ڈیجیٹل، علم پر مبنی اور جامع مستقبل کی سمت ہمارے اجتماعی سفر کی علامت ہے۔

انہوں نے مستند ڈیٹا اور مؤثر ڈیش بورڈز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کوئی ملک ان کے بغیر پائیدار ترقی اور خوشحالی حاصل نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ  جس طرح کوئی ڈرائیور سائن بورڈز اور سمت کے بغیر منزل تک نہیں پہنچ سکتا، اسی طرح ڈیٹا، سمت اور وسائل کے بغیر ترقی کا سفر بھی نامکمل رہتا ہے۔

دو روزہ ڈیٹافیسٹ 2025 کا موضوع”  اَن لاکنگ ٹومارو وِد اے آئی “ ہے، جس میں پاکستان کو درپیش گورننس، معیشت اور سماجی ترقی کے چیلنجز کو ڈیٹا کے ذریعے حل کرنے کے طریقوں پر توجہ دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ عوام میں ڈیٹا پر مبنی اختراعات اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی کے فروغ کے لیے آگاہی پیدا کی جائے گی تاکہ ایک مضبوط اور مستحکم مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکے۔

تقریب کے دوران مختلف موضوعاتی سرگرمیاں، پینل مباحثے، کلیدی خطابات، ورکشاپس اور ڈیٹا مصنوعات کی نمائشیں منعقد کی جائیں گی۔

موضوعات میں اُڑان پاکستان، ماحولیات (آفات کے خطرات اور ماحولیاتی لچک)، معیشت (ترقی و سرمایہ کاری کے لیے ڈیٹا کا استعمال)، سماجی مساوات (صحت، تعلیم اور وسائل کی تقسیم) اور ای۔پاکستان (ڈیٹا ایکو سسٹم، اے آئی اور مواصلات) شامل ہیں۔

نوجوانوں کی شمولیت بڑھانے کے لیے کوئز، پوسٹر اور پروجیکٹ ڈسپلے مقابلوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔