سپیکرز کانفرنس کا انعقاد بین الپارلیمانی روابط، علاقائی تعاون اور موسمیاتی تحفظ کے لیے اہم سنگ میل ،شرکاء

12

اسلام آباد، 11 نومبر ( اے پی پی): اسلام آباد میں جاری بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے پہلے روز مختلف ممالک سے آئے سپیکرز نے کانفرنس کے انعقاد کو بین الپارلیمانی روابط، علاقائی تعاون اور موسمیاتی تحفظ کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا۔

بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس 11 سے 12 نومبر تک اسلام آباد میں جاری رہےگی۔ شرکاء نے چیئرمین سینیٹ  یوسف رضا گیلانی کی قائدانہ لیڈر شپ کو سراہا اور شاندار میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔

شرکاء نے کہا کہ کانفرنس دنیا بھر میں موسمیاتی تحفظ، آبادی کی مسائل، بین المذاہب و ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ کےلئے اہم اقدام ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری مکالمے، مذاکرات اور امن پر مبنی ہے۔ بین الپارلیمانی کانفرنس رابطے اور تجربات کے تبادلے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ اسپیکرز کانفرنس کے انعقاد سے پارلیمانی رابطوں کو مزید فروغ ملے گا۔شرکاء کا مزید کہنا تھا کہ قانون سازی، علاقائی تعاون اور عالمی پالیسیوں میں پارلیمنٹری آواز کو مضبوط کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔