کوئٹہ، 11 نومبر (اے پی پی): گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل نے کہا ہے کہ تقریری مقابلوں میں حصہ لینے والے طلبا ہمارے مستقبل کے معمار ہیں طلبا کی صلاحیتوں کو دیکھ کر بہت خوش ہوا ، نوجوان زندگی کے ہر شعبے میں لگن اور محنت سے آگے بڑھتے ہوئے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تعمیر نو بوائز کالج میں علامہ اقبال انٹرنیشنل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کانفرنس میں ادیب، شعرا، اساتذہ سمیت طلبا کی بڑی تعداد شریک تھی ۔گورنر بلوچستان، شیخ جعفر مندوخیل، نے شاعر مشرق علامہ اقبال ڈے کے موقع پر تقریری مقابلوں میں حصہ لینے والے نوجوان طلبا کو داد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے علامہ اقبال کی سوچ اور فکر پر بہترین انداز میں نہ صرف روشنی ڈالی، بلکہ علامہ اقبال کے سوچ اور افکار کو شعوری ذریعہ بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے علامہ اقبال ڈے کے موقع پر کانفرنس کا انعقاد خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج نوجوان طلبا کو ان کے فکر اور سوچ کو لوگوں میں آگے بڑھانے کی ضرورت ہے، علامہ اقبال کی شاعری کے مطابق، ہر شخص کو اپنی آزادانہ سوچ رکھنی چاہیے۔ گورنر نے طلبا کو یہ تلقین کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی زندگی کے ہر شعبے میں اپنی محنت جاری رکھیں اور آگے بڑھتے رہیں تاکہ ملک و قوم کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں تعلیمی شعبے کی ترقی کے لیے مستقبل میں مزید ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔ گورنر بلوچستان نے تعمیر کالج میں منعقدہ علامہ اقبال کانفرنس میں تقریری مقابلوں میں حصہ لینے والے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات بھی تقسیم کیے۔











