اسلام آباد،11نومبر (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور ممتاز دانشور سینیٹر عرفان صدیقی مرحوم کے گھر گئے اور مرحوم کے بڑے بیٹے عمران صدیقی اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے مرحوم کی سیاست اور ملک کیلئے مجموعی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ عرفان صدیقی ایک شائستہ، بردبار اور اعلیٰ ظرف شخصیت تھے جنہوں نے ملک کی فکری اور سیاسی تاریخ میں گہرا نشان چھوڑا ،وہ وفا کا پیکر اور پاکستان کے فکری اور صحافتی افق پر درخشاں ستارہ تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مرحوم عرفان صدیقی مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف اور پارٹی کے دیرینہ ساتھی تھے، میرے ساتھ ان کا عزت و احترام کا رشتہ تھا اور وہ انتہائی شفیق انسان تھے،عرفان صدیقی نے ہر دور میں اصول، برداشت، تحمل اور مہذب سیاست کی مثال قائم کی۔وزیراعظم نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر و حوصلے کی دعا کی۔











