ملتان ،12 نومبر(اے پی پی ): کمشنر ملتان عامر کریم خاں کی زیر صدارت ملتان ایوینیو منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں الیکٹرک پولز کی شفٹنگ، گرین بیلٹس کی تزئین و آرائش اور نئے پودے لگانے کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ ملتان ایوینیو منصوبہ چار ماہ میں مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو زیادہ دیر تک مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی مقامات پر شہریوں کی سہولت کے لیے مکمل احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں اور جہاں بھی کھدائی ہو وہاں انتباہی بورڈز اور حفاظتی رکاوٹیں لازمی لگائی جائیں۔
کمشنر نے سڑک کے داخلی و خارجی راستوں پر ہائٹ بارز نصب کرنے اور وزن چیک کرنے کے لیے اوور برج یا مشین نصب کرنے کی تجاویز پر غور کا عندیہ دیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت سیف سٹی کیمرے بھی نصب کیے جائیں گے۔
عامر کریم خاں نے کہا کہ “ملتان ایوینیو شہر کا پہلا جدید طرزِ تعمیر کا منصوبہ ہے” اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے شہریوں کے لیے ترقی و سہولت کا شاندار تحفہ ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ منصوبے کی لاگت 2 ارب 88 کروڑ 79 لاکھ روپے ہے، جبکہ محکمہ ہائی ویز کو اسے 23 مارچ 2026 تک مکمل کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔
ایکسئن ہائی ویز غلام نبی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نو کلومیٹر طویل منصوبے پر تین کنٹریکٹرز بیک وقت کام کر رہے ہیں اور منصوبے کو 8 پیکجز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
منصوبے میں 206 اسٹریٹ لائٹس، 34 یادگاریں، 50 اسمارٹ پارکنگ ایریاز، 8.5 کلومیٹر سروس لین، 5 کلومیٹر پارکنگ ایریا اور 14.5 فٹ چوڑا اربن گرین کوریڈور شامل ہیں۔
اس کے علاوہ آر سی سی ڈرین، فٹ پاتھ، سنٹرل میڈین، لینڈ اسکیپنگ اور جدید لائٹنگ سسٹم بھی منصوبے کا حصہ ہیں۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر وسیم احمد سندھو، ڈی جی ایم ڈی اے، ایم ڈی واسا، پولیس و دیگر انتظامی افسران نے شرکت کی۔











