اسلام آباد ، 12 نومبر (اے پی پی):صدرِ مملکت نے بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے مندوبین کے اعزاز میں عشائیہ دیا، شرکاء کو ایوانِ صدر میں خوش آمدید کہا اور ان کی شرکت پر اظہارِ مسرت کیا۔
اس موقع پر صدر زرداری نے کہا کانفرنس نے پارلیمانی سفارت کاری کے جذبے کو مزید مضبوط کیا۔گزشتہ دو روز میں دنیا بھر کے پارلیمانی رہنماؤں نے امن و ترقی کے فروغ کیلئے مؤثر مکالمہ کیا۔موجودہ معاشی، ماحولیاتی اور سیکیورٹی چیلنجز مشترکہ کوششوں سے ہی حل ہو سکتے ہیں۔ بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس نے تعاون اور دوستی کے نئے راستے کھولے ہیں۔
صدر مملکت نے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی قیادت اور وژن کو سراہا۔
چیئرمین سینیٹ نے صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور پارلیمانی سفارت کاری کے فروغ میں ان کے کردار کو سراہا۔
چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر کہا کہ کانفرنس نے امن اور ترقی کے مشترکہ وژن کو آگے بڑھایا۔ کانفرنس میں جاری ہونے والا اسلام آباد اعلامیہ امن و استحکام کا لائحۂ عمل فراہم کرتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس میں 40 سے زائد ممالک کے سپیکرز اور پارلیمانی نمائندوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔











