راولپنڈی،12نومبر (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی قسم کی دہشت گردی کو برداشت نہیں کرے گا اور دہشت گردانہ کارروائیوں کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا، جو عناصر بیرونی مدد یا پراکسیز کے ذریعے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں انہیں منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاقت باغ اسپورٹس کمپلیکس میں نئے سوئمنگ پول اور کھلاڑیوں کے ہاسٹل کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر کھیل و ثقافت ملک فیصل ایوب کھوکھر، اراکین اسمبلی، ڈپٹی کمشنر ، کھیلوں سے وابستہ شخصیات، کھلاڑیوں اور محکمہ کھیل حکام نے شرکت کی۔
بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر نوجوانوں کے لیے صحت مند سرگرمیوں کے مواقع بڑھا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں جدید سہولیات سے آراستہ سوئمنگ پول اور ہاسٹل کا قیام راولپنڈی کے کھلاڑیوں کے لیے قیمتی سرمایہ ثابت ہو گا۔ منصوبے کی مجموعی لاگت تقریباً 60 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ اس کمپلیکس میں کھلاڑیوں کے قیام کے لیے ہاسٹل تعمیر کیا گیا ہے جس سے قومی و بین الاقوامی ٹیموں کی میزبانی ممکن ہو گی اور ایونٹس کے دوران اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر خواتین کے لیے علیحدہ جم قائم کیا گیا ہے۔ اسی طرح ماضی میں ہماری حکومت نے خواتین ہاکی کے فروغ کے لیے ویمن ہاکی گراؤنڈ میں جدید آسٹرو ٹرف بچھایا تاکہ خواتین بآسانی کھیلوں میں حصہ لے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ راولپنڈی کی ترقی میں پیش پیش رہی ہے۔ شہر کے بنیادی ڈھانچے اور ٹرانسپورٹ کے منصوبوں خصوصاً میٹرو بس سروس نے شہریوں کو نمایاں سہولت فراہم کی ہے۔
دانیال چوہدری نے منشیات فروشوں اور قبضہ مافیا کے خلاف کیے گئے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ان عناصر کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جب مسلم لیگ (ن) نے حکومت سنبھالی تو پاکستان انتہائی مشکل حالات سے دوچار تھا، ملک ڈیفالٹ کے خطرے سے دوچار تھا اور عالمی سطح پر تنہائی کا شکار تھا، کوئی ملک ہم سے ہاتھ ملانے یا بات کرنے کے لیے تیار نہیں تھا تاہم آج صورتحال بدل چکی ہے، پاکستان نے عالمی برادری میں اپنی ساکھ بحال کر لی ہے۔ انہوں نے اس کا
میابی کا سہرا وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک محنت اور جذبے کو قرار دیا اور کہا کہ انہی کی مشترکہ کاوشوں سے پاکستان ایک بار پھر ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن ہوا ہے۔ حالیہ دہشت گردی کے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم متحد ہے اور ماضی کی طرح دشمن کے عزائم کو ناکام بناتی رہے گی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل و ثقافت ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ پنجاب حکومت کی اولین ترجیح نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور کھیلوں کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ترجیحات کے حوالے سے نہایت سنجیدہ ہے اور اس بات کا عملی ثبوت یہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت نے مخالف ادوار کے منصوبوں کو بھی مکمل کر کے عوامی مفاد کو مقدم رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں جب بھی حکومت تبدیل ہوتی تھی تو سابقہ ادوار کے منصوبوں کو روک دیا جاتا تھا جس سے نقصان صرف عوام کا ہوتا تھا تاہم مسلم لیگ (ن) کی روایت ہے کہ اس نے ہمیشہ عوامی منصوبوں کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر مکمل کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ شہباز شریف کی وزارت اعلیٰ کے دور میں پنجاب بھر میں جدید سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیے گئے لیکن گزشتہ دور حکومت میں یہ منصوبے کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگے۔ انہوں نے کہا گزشتہ سال 98 سپورٹس کمپلیکسز کا سنگ بنیاد رکھا گیا جو اس سال مکمل ہو جائیں گے۔











