لوک میلہ میں گلگت بلتستان کے ثقافت اور کھانوں پر لوگوں کا رش

16

اسلام آباد،13 نومبر (اے پی پی ):  لوک ورثہ میں جاری لوک میلہ میں  گلگت بلتستان پویلین میلے میں آنے والوں کی توجہ کا مرکز ہے کیونکہ یہاں کا خوبصورت ثقافتی ورثہ دیکھ کر میلے میں آنے والوں کو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے وہ گلگت بلتستان میں موجود ہیں ۔

پویلین میں داخل ہوتے ہی ہر طرف تازہ اور خستہ ڈرائی فروٹس کے سٹال موجود ہیں جبکہ یہاں کے کھانوں کے سٹالز پر لوگوں کا رش لگا ہے۔

 ماہر ہنرمندوں نے قیمتی پتھروں کے زیورات سجا رکھے ہیں جبکہ تخلیقی کاریگروں میں پتھر تراش کر ہانڈیاں اور ڈیکوریشن پیس بنانے والے ماہر دستکار لوگوں کے سامنے اپنا منفرد کام کرنے میں مصروف رہتے ہیں۔

 روایتی کڑھائی کے سٹالز پاکستان کے شمالی حصے بالخصوص وادی ہنزہ کی بھرپور ثقافت کا حصہ ہیں۔ گلگت بلتستان کے کھانے بہت منفرد اور لذیذ ہیں جن میں ممتو، گندم اور چنے کا سوپ، چپ شورو، ڈرائی فروٹ سے بنی مختلف سوغات اور دیگر ڈشز شامل ہیں۔