اسلام آباد،13نومبر (اے پی پی):قومی اسمبلی نے تمام خطرات کے باوجود سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان جاری رکھنے کے فیصلے پر تہنیتی قرارداد منظور کرلی۔جمعرات کو وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے سری لنکا کی ٹیم کے دورے کو جاری رکھنے کے حوالے سے تہنیتی قرارداد ایوان میں پیش کی۔قرارداد میں کہا گیا کہ ایوان سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کی جانب سے تمام خطرات کے باوجود پاکستان کا دورہ جاری رکھنے کے فیصلے کو سراہتا ہے،یہ ایوان اس ضمن میں سری لنکا کے صدر،وزیر دفاع اور سری لنکا کی پوری حکومت کی ذاتی کاوشوں کو بھی سراہتا ہے۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان سپورٹس بورڈ محسن نقوی،وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے سری لنکن ٹیم کو دورہ جاری رکھنے کے حوالے سے ان کی مخلصانہ کوششوں کو بھی سراہتا ہے۔ایوان نے قرارداد منظور کرلی۔











