ملتان، 13 نومبر (اے پی پی): آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام طلبہ و طالبات کے درمیان سائنٹیفک کانٹیسٹ منعقد ہوا، جس میں مختلف شعبہ جات کے طلبہ و طالبات نے ریسرچ پروجیکٹس اور پوسٹر پریزنٹیشنز کے ذریعے حصہ لیا۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی تھیں۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اورک کے تحت منعقدہ یہ مقابلے نوجوانوں میں اختراعی و تحقیقی سوچ کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پروگرام طلبہ کو بین الاقوامی معیار کی سائنسی سرگرمیوں کے لیے تیار کرتے ہیں۔
ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر کامران صدیقی نے پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی، جبکہ جیوری ارکان نے طلبہ کے پیش کردہ پراجیکٹس کا بغور جائزہ لیا اور تخلیقی پہلوؤں کو سراہا۔
تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر مہناز خاکوانی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو شیلڈز، اسناد اور تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازا۔ شرکاء نے اس سائنٹیفک کانٹیسٹ کو طلبہ کی علمی و تحقیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی بہترین کاوش قرار دیا۔











