قومی اسمبلی کا اجلاس

11

اسلام آباد،13 نومبر (اے پی پی): قومی اسمبلی کا اجلاس جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان کھرل نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ این ڈی ایم اے نے آئندہ سال 20 فیصد زائد بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تغیرات سے نمٹنے کے لیے’’گرین پاکستان‘‘ اور ’’ایکو سسٹم ریسٹوریشن ‘‘ جیسے منصوبوں پر عمل جاری ہے، جبکہ شجر کاری پروگرام کے تحت کروڑوں درخت لگائے جا چکے ہیں۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ایوان کو بتایا کہ آرمی، ائیرفورس، نیوی اور پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ میں ترامیم 27ویں آئینی ترمیم کے تحت کی گئیں ہیں تاکہ انہیں آئین سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان ترامیم کا مقصد جدید تقاضوں کے مطابق دفاعی اداروں کے ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہے۔ وزیر قانون نے کہا کہ یہ ترامیم ملکی دفاعی نظم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہیں۔

پارلیمانی سیکرٹری برائے آئی ٹی سبین غوری نے اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ فائیو جی کی نیلامی آئندہ چند ماہ میں متوقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے بین الاقوامی معیار کی امریکی کنسلٹنسی فرم آن بورڈ ہے، اور حکومت فائیو جی کے آغاز میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آپٹیکل فائبر کے پھیلاؤ اور انٹرنیٹ سہولیات کی بہتری پر تیزی سے کام جاری ہے۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کی جانب سے تمام خطرات کے باوجود پاکستان کا دورہ جاری رکھنے کا فیصلہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے سری لنکا کی حکومت، صدر اور وزیر دفاع کے کردار کو سراہتے ہوئے ایوان میں تہنیتی قرارداد پیش کی، جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس بلز کی منظوری کے بعد جمعہ کی صبح 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔