تنخواہ دار طبقہ ہمارے سر کا تاج ہیں وہ اپنی بساط سے بڑھ کر ٹیکس ادا کرتے ہیں، بلال اظہر کیانی

10

اسلام آباد،14نومبر  (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خزانہ و ریونیو بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ تنخواہ دار طبقہ ہمارے سر کا تاج ہیں وہ اپنی بساط سے بڑھ کر ٹیکس ادا کرتے ہیں،ٹیکس نیٹ کی وسعت کے لئے حکومت کوشاں ہے،اس میں توسیع کے بعد تنخواہ دار طبقہ کو ٹیکس ریلیف دیں گے۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شہلا رضا کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وزیر مملکت بلال کیانی نے کہا کہ ہر سطح پر حکومت چیمبرز اور دیگر فریقین سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھتی ہے،وزیر اعظم نے خود تین گھنٹے ملاقات کی اور رہنمائی لی،ہر ماہ سارے پاکستان کے چیمبرز کے صدور سے ملاقات ہوتی ہے،برآمدات بڑھانا ہمارا بنیادی مقصد ہے،برآمدات بڑھائے بغیر آئی ایم ایف سے چھٹکارا ممکن نہیں۔ٹیکس رجیم اور بجلی کے ٹیرف میں بہتری لارہے ہیں،معاشی استحکام آرہا ہے اب ہم برآمدات میں اضافہ کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ ٹیکس کی ادائیگی تنخواہ دار طبقہ دیتا ہے اس سال سب سے زیادہ ٹیکس تنخواہ دار طبقہ نے دیا ہے،ہم پیچیدہ اور امتیازی کی بجائے ہم آہنگ ٹیکس کا نظام لارہے ہیں،اس میں آسانیاں لارہے ہیں۔تنخواہ دار طبقہ ہمارے سروں کے تاج ہیں،اپنی بساط سے زیادہ ٹیکس دیتے ہیں،دیگر طبقات کو اپنا حصہ ادا کرنا ہے،ٹیکس نیٹ کی وسعت کے لئے کوشاں ہیں،اس بار بجٹ میں تنخواہ دار طبقہ کو ریلیف دیا گیا مزید بھی دیں گے تاہم اس کے لئے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا ہوگی۔