تین ملکی  سیریز ہمارے لیے بالکل درست وقت پر  ہے، مضبوط ٹیموں کے خلاف کرکٹ کھیلنے سے اپنی منصوبہ بندی مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی، کپتان سلمان علی آغا

13

راولپنڈی  17 نومبر ( اے پی پی):  پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہناہے کہ یہ تین ملکی  سیریز ہمارے لیے بالکل درست وقت پر  ہے۔ یہ گروپ کو دو اچھی ٹیموں کے خلاف مسلسل کرکٹ کھیلنے کا موقع فراہم کرے گی اور ہماری ٹی ٹوئنٹی منصوبہ بندی کو اگلے سال ہونے والے اہم آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل مزید نکھارنے کا موقع فراہم کرے گی۔

سہہ ملکی سیریز سے قبل راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے حالیہ مہینوں میں حوصلہ افزا کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔شارجہ میں سہ فریقی سیریز جیتی۔ ایشیا کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا اور جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف وائٹ بال سیریز جیتی۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں بہترین نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا اور ہم اس تسلسل کو اس سیریز میں لے جانے کے لیے پر امید ہیں۔

سلمان علی آغا نے کہا کہ راولپنڈی کے شائقین کی جانب سے ہوم سائیڈ کے لیے زبردست سپورٹ دیکھی ہے اور ہم اس سیریز میں بھی اعلیٰ معیار کے مقابلے کی توقع کر رہے ہیں۔