وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ٹرائی نیشن سیریز میں شریک کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں ظہرانہ

16

اسلام آباد: 19 نومبر ( اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔

‎ظہرانے میں وزیراعظم نے کھلاڑیوں کے جذبے، مہارت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ “پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں نے جس طرح ٹرائی نیشن سیریز میں شرکت کی اور عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ ستائش ہے۔

‎وزیراعظم نے  کہا کہ تمام کھلاڑی اپنے اپنے ملک کی بہترین نمائندگی کر رہے ہیں، اور ان کے اسپورٹس مین اسپرٹ اور باہمی احترام کی مثال نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ بننی چاہیے۔

‎پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی سربراہی میں سیریز کے تمام میچز کے انتظامات اور حکمتِ عملی کی کامیابی کو بھی وزیراعظم نے سراہتے ہوئے کہا کہ پی سی بی نے اس سیریز کو بہترین انتظامات، مؤثر حکمتِ عملی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ کامیابی سے منعقد کیا ہے۔

‎وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کا مسلسل انعقاد ملک کے مثبت تشخص، امن اور استحکام کا واضح ثبوت ہے۔

‎ان کا کہنا تھا کہ یہ ٹرائی نیشن سیریز کرکٹ کے شائقین کو اعلیٰ درجے کا کھیل دیکھنے کا موقع فراہم کرے گی۔وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ اس سیریز کے ذریعے تینوں ممالک کے درمیان کرکٹ کے ذریعے دوستی اور باہمی تعاون مزید مضبوط ہوگا، اور پاکستان آئندہ بھی دنیا بھر کی کرکٹ ٹیموں کی میزبانی کرتا رہے گا۔