اسلام آباد،19 نومبر(اے پی پی ): وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خواتین کے عالمی دن برائے انٹرپرینیورشپ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خواتین نے محض مواقع کا انتظار نہیں کیا بلکہ نئی راہیں خود بنائیں اور معیشت میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین نے مشکلات کو رکاوٹ نہیں بلکہ محرک بنا کر معاشی سرگرمیوں کا رخ موڑا ہے۔ آج کی پاکستانی خاتون امداد نہیں بلکہ منصفانہ موقع چاہتی ہے، اور یہی تبدیلی ملک کی معاشی ترقی میں مددگار ثابت ہو رہی ہے۔
ہارون اختر خان نے بتایا کہ نیشنل وومن انٹرپرینیورشپ پالیسی جلد متعارف کرائی جا رہی ہے، جو پاکستان کی تاریخ میں پہلی جامع قومی پالیسی ہوگی جس کا مقصد خواتین انٹرپرینیورز کو مضبوط بنانا اور انہیں قیادت کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں خواتین کو معاشی ترقی کے محرک کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہےجنکہ پاکستانی خواتین گھروں سے نکل کر عالمی مارکیٹ میں بطور بزنس لیڈر ابھر رہی ہیں۔
معاون خصوصی نے مزید کہا کہ قومی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب خواتین برابر کے طور پر معاشی سفر میں شامل ہوں۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ پاکستان وہ ملک بنے گا جہاں ہر خاتون اپنے کاروباری آئیڈیے کو حقیقت میں بدلنے کی پوری آزادی اور مواقع حاصل کرے گی۔











