ملتان 19 نومبر (اے پی پی):تعلیمی بورڈ ملتان کے زیر اہتمام انٹر کالجیٹ سالانہ کھیل 2024–25 میں پنجاب کالج ملتان کی فتوحات کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ فٹبال چیمپئن شپ جیتنے کے بعد پنجاب کالج نے اگلے ہی روز باسکٹ بال چیمپئن شپ میں بھی ناقابل شکست رہتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
ملتان بورڈ کیمپس کے باسکٹ بال کورٹ میں لیگ بنیاد پر ہونے والی انٹر کالجیٹ چیمپئن شپ میں پنجاب کالج نے سنٹرل کالج ملتان، رفاہ کالج خانیوال اور پنجاب کالج میاں چنوں کو یکے بعد دیگرے شکست دے کر فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔
سنٹرل کالج نے دو کامیابیوں کے ساتھ دوسری جبکہ پنجاب کالج میاں چنوں نے ایک جیت کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
چیمپئن ٹیم کے کھلاڑیوں میں محمد ثاقب عارف (کپتان)، محمد مدثر طاہر، محمد طلحہ سیفی، علی زاہد اور احمد بلال شامل تھے۔ کامیابی کے بعد ٹیم مینیجر محمد اظہر نواز کی قیادت میں ٹیم نے ڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز اسامہ بشیر سے ملاقات کی، جہاں انہیں پھول پیش کیے گئے۔
ڈائریکٹر اسامہ بشیر نے کہا کہ پنجاب گروپ آف کالجز تعلیمی میدان کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی کامیابی کے نئے سنگِ میل۔ قائم کر رہا ہے۔











