چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے ممبران قومی اسمبلی انجم عقیل خان اور ملک ابرار احمد کی ملاقات

15

اسلام آباد ، 20 نومبر ( سے پی پی): چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے ممبران قومی اسمبلی انجم عقیل خان اور ملک ابرار احمد نے ملاقات کی ۔ملاقات میں اسلام آباد کے شہری مسائل کے حل اور بلدیاتی سہولیات میں بہتری پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔

ملاقات میں ممبر ایڈمنسٹریشن طلعت محمود گوندل، ممبر انوائرنمنٹ اسفند یار بلوچ، ممبر انجینئرنگ اور ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن سمیت سینئر افسران نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر ممبران قومی اسمبلی کو اسلام آباد کے بڑھتی ہوئی شہری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے سڑکوں، پارکس، صفائی، واٹر سپلائی اور دیگر سہولیات کی بہتری کیلئے  اٹھائے جانے والے اقدمات سے آگاہ کیا گیا۔

ملاقات میں  سی ڈی اے چیئرمین محمد علی رندھاوا نے کہا کہ شہری سہولیات کی اپ گریڈیشن اور سروس ڈلیوری کے نئے ماڈلز اور آپشنز پر کام کر رہے ہیں۔شہریوں کو  ریلیف دینے اور بہترین سہولیات کی فراہم اولین ترجیح ہے، جدید سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ سسٹم کے ذریعے صفائی کے نظام کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالا جا رہا ہے، نئے سسٹم سے شہری و دیہی اسلام آباد میں یکساں طور پرمؤثر اور مربوط صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے گا،سالڈ ویسٹ مینجمٹ سسٹم کو دو پیکجز میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ بہترسروس ڈلیوری کو یقینی بنایا جائے۔

 انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی شہری اور انتظامی ضروریات کے پیش نظر پرائیویٹ سیکٹر کو سالڈ ویسٹ مینجمٹ، انوائرنمنٹ اور کمیونٹی سروسز میں شامل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نفاذ سے موجودہ ملازمین کی ملازمت پر ہر گز اثر انداز نہ ہوگا۔

ملاقات میں ملک ابرار احمد نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی شمولیت سے سروس ڈلیوری میں شفافیت، وقت کی پابندی اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ممکن ہوگا،  ایم این اے انجم عقیل خان نے کہا کہ بڑھتی ہوئی شہری ضروریات کو پورا کرنے کے لیےعصر حاضر کے سروس ڈلیوری تقاضوں کو اپنانا انتہائی اہم ہے۔

ملاقات میں  شہر کے تمام سیکٹرز، دیہی علاقوں اور مضافات میں یکساں معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے جامع پلان پر بھی  اتفاق کیا گیا۔