اسلام آباد : انٹرنیشنل مقابلۂ قرأت کے مہمان قراء اور ججز کی آمد جاری

11

‎ اسلام آباد، 22 نومبر ( اے پی پی):   انٹرنیشنل مقابلۂ قرأت میں شرکت کے لیے مختلف ممالک سے قراء کرام اور بین الاقوامی ججز کی پاکستان آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ چاڈ سے قاری احمت، سومالیہ سے قاری عبدالقادر ابدی وہاب ادن اور گھانا سے قاری ابوالمال سواللہ اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، جہاں وزارتِ مذہبی امور کے افسران نے ان معزز مہمانوں کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ مزید وفود کی آمد آج اور کل جاری رہے گی جن میں مصر سے انٹرنیشنل جج قاری الشیخ ڈاکٹر حمد اللہ حفیظ محمد ابرہیم، بحرین سے قاری حمزہ معیز احمد علی، اردن سے قاری احمد بکری حسن نواسرہ، فلسطین سے قاری نبیل محمد علی شریباطی، قازقستان سے قاری ییگل مان محمد، مالی سے قاری دیالو آمادو، برکینا فاسو سے قاری دیالو موسی، موریطانیہ سے قاری احمد احمد مسکے اور کوموروس سے قاری عبداؤ فضل الدین شامل ہیں۔

‎وزارتِ مذہبی امور کے زیرِ اہتمام یہ انٹرنیشنل مقابلۂ قرأت 24 سے 27 نومبر تک اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں دنیا بھر سے قراء کرام اپنی خوبصورت تلاوت کے ذریعے شرکت کریں گے۔