کوالٹی کنٹرول بورڈ کا 294واں اجلاس،ادویات کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، خواجہ عمران نذیر

12

لاہور، 21 نومبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت کوالٹی کنٹرول بورڈ کا 294 واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں سپیشل سیکرٹری صحت عون عباس، ایڈیشنل سیکرٹری قلندر خان، ڈی جی ہیلتھ سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے بھر میں ادویات کے معیار، فیکٹریوں کی انلسٹمنٹ، لائسنسنگ اور کوالٹی کنٹرول سے متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر صحت نے گزشتہ اجلاس میں دی گئی ہدایات پر پیش رفت کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ کوالٹی کنٹرول کو ہر سطح پر یقینی بنانے کے لیے پالیسیوں پر موثر اور سختی سے عمل درآمد ناگزیر ہے۔ خواجہ عمران نذیر نے ہربل فیکٹریوں میں کوالٹی کنٹرول کے قواعد و ضوابط   کی سختی سے پابندی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بغیر لائسنس یا یونٹ انلسٹمنٹ کے کام کرنے والی فیکٹریوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام کارروائیوں کی رپورٹس باقاعدگی سے ڈریپ کے ساتھ شیئر کی جائیں۔ وزیر صحت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ انلسٹمنٹ کی درخواستوں پر فوری فیصلے کیے جائیں تاکہ معیاری ادویات کی فراہمی میں تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ عطائیوں اور جعلی ادویات کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر سختی سے عمل ہوگا۔ خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ ادویات کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ معیاری اور محفوظ ادویات کی دستیابی کے لیے جامع حکمتِ عملی اپنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے۔