راولپنڈی،24نومبر (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشان امتیاز (ملٹری) و ہلال جرأت سے سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے ملاقات کی جنہوں نے پیر کو جی ایچ کیوکا دورہ کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور سٹریٹجک عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر خصوصی زور دیا گیا۔ ملاقات میں دفاعی تعاون، سکیورٹی شراکت داری اور انسداد دہشت گردی کی مشترکہ کوششوں کو دو طرفہ تعلقات کا اہم ستون قرار دیا گیا۔
سعودی مہمان نے سعودی مسلح افواج کے ساتھ مختلف شعبوں میں پاکستان کے تعاون کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط روابط کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
قبل ازیں جی ایچ کیو آمد پر جنرل فیاض بن حمید الروائیلی نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا ۔











