پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کے ذریعے ہزاروں انسانی زندگیوں کو بچایا جا رہا ہے، صوبائی وزیر صحت

12

لاہور، 24 نومبر ( اے پی پی ): لاہور جنرل ہسپتال کو بون بنک، بون ٹرانسپلانٹیشن اور کورنیئل ٹرانسپلانٹیشن جبکہ ڈاکٹرز ہسپتال اینڈ میڈیکل سنٹر لاہور کورنیئل ٹرانسپلانٹیشن کرنے کی اجازت دے دی گئی۔دونوں ہسپتالوں کو اجازت صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کی مانیٹرنگ اتھارٹی کے 37 ویں منعقدہ اجلاس کے دوران دی گئی۔     اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹرمحمد وسیم،ڈائریکٹر جنرل پی ہوٹا پروفیسر ڈاکٹر محمد عامر زمان خان، سی ای او پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر ثاقب عزیز، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ عمران حسین رانجھا، صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ڈاکٹر اظہار احمد چوہدری، ایڈیٹر ان چیف پاکستان سوسائٹی آف گیسٹرواینٹرولوجی پروفیسرغیاث النبی طیب، صدر اوفتھلمولوجک سوسائٹی آف پاکستان پروفیسر جاوید چوہدری، سینئر ریسرچ آفیسر نیشنل ہیلتھ ریسرچ کمپلیکس صائمہ ناز محسن،سیکشن آفیسر محکمہ فنانس سہیل انجم و دیگر ممبران نے شرکت کی۔وڈیو لنک کے ذریعے ڈاکٹر عارف ندیم اور ٹرانسپلانٹیشن سوسائٹی سے ڈاکٹر محمد یاسرخان نے اجلاس میں شرکت کی۔ڈائریکٹر جنرل پی ہوٹا پروفیسرمحمد عامرزمان خان نے اجلاس کے دوران منظوری کیلئے مختلف ایجنڈازپیش کئے۔ اجلاس کے دوران مانیٹرنگ اتھارٹی کے 36 ویں اجلاس کے فیصلوں کی عملدرآمدرپورٹ بھی پیش کی گئی ۔اجلاس کے دوران مانیٹرنگ اتھارٹی کے36 ویں اجلاس کے منٹس کی منظوری دے دی گئی ۔اجلاس میں پی ہوٹا کو ادارے کی بہتری کیلئے آئی ٹی سروسز حاصل کرنے کی منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں ٹرانسپلانٹیشن اور آئی بینکنگ کیلئے ڈیزیزڈ کورنیئل کیلئے گائیڈ لائنز کی بھی غور و خوض کے بعد منظوری دے دی گئی ۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کی استعدادکار میں اضافہ کیاجارہاہے، عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری کے خلاف سخت ایکشن لیاجارہاہے، پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کے ذریعے ہزاروں انسانی زندگیوں کو بچایا جا رہا ہے۔