سیاست میں سب سے بڑی غلطی بائیکاٹ کی ہوتی ہے، دھاندلی کا الزام تب لگاتے جب آپ میدان میں ہوتے، اپوزیشن کسی انتخابی عمل میں شریک نہیں ہوئی تو دھاندلی کا الزام کیسا؟عطاء اللہ تارڑ

23

اسلام آباد،24نومبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سیاست میں سب سے بڑی غلطی بائیکاٹ کی ہوتی ہے، دھاندلی کا الزام تب لگاتے جب آپ میدان میں ہوتے، اپوزیشن کسی انتخابی عمل میں شریک نہیں ہوئی تو دھاندلی کا الزام کیسا؟ پیپلز پارٹی ہماری اتحادی جماعت ہے جس نے ہر موقع پر بھرپور ساتھ دیا۔ پیر کو اسلام آباد میں ‘‘مزاج نیوز’’  کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مثبت رویے سے مسائل کا حل ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز وقت کی ضرورت ہیں، ان کی تیزی سے ترقی ارتقائی عمل کا حصہ ہے، حکومت ڈیجیٹل میڈیا کے فروغ کے لئے جامع اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ تمام ڈیجیٹل پلیٹ فارمز مل کر ایک ایسوسی ایشن تشکیل دیں تاکہ ایڈیٹوریل پالیسی اور کوڈ آف ایتھکس کا باضابطہ نظام قائم ہو سکے۔ وفاقی وزیر نے ‘‘مزاج نیوز’’ کی جانب سے سینئر صحافیوں پر مشتمل ایڈیٹوریل بورڈ کے قیام کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس سے پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا احساس بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل میڈیا کو آفیشل حیثیت دینے کے لئے اقدامات کر رہی ہے تاکہ اسے سپورٹ بھی کیا جا سکے اور دونوں جانب سے باقاعدہ ایڈیٹوریل پالیسی اور کوڈ آف ایتھکس پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی ایکسپورٹس میں اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان کے آئی ٹی پروفیشنلز کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے اور حالیہ جنگ میں روایتی میڈیا کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل میڈیا نے بھی فرنٹ لائن کردار ادا کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ریاست کی مضبوطی اور ملکی وقار کے لئے ضروری ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا ایسا مؤثر ٹول بنے جو دشمن کے پراپیگنڈے کا بروقت اور مضبوط جواب دے۔ ہمارا خواب ہے کہ پاکستان کا ڈیجیٹل میڈیا اتنا مضبوط ہو کہ دنیا کہے کہ پاکستان کے ڈیجیٹل میڈیا سے پنگا نہ لینا، یہ ریاست کے معاملے پر اکٹھے ہو جاتے ہیں۔