پہلے بین الاقوامی مقابلہ حسن قرآت کا دوسرا دن، بارہ قراء نے مقابلے میں حصہ لیا

14

اسلام آباد،25 نومبر (اے پی پی ):  پہلے بین الاقوامی مقابلہ حسن قرآت کے دوسرے دن بارہ قراء نے مقابلے میں حصہ لیا۔

وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیرِ اہتمام پہلا بین الاقوامی قرأت مقابلہ 29 نومبر 2025ء تک اسلام آباد میں جاری ہے۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق یہ تاریخی ایونٹ پاکستان کے دینی و مذہبی منظرنامے میں ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔

اس مقابلے کا مقصد قرآنِ کریم کی ترویج، دینی اقدار کے فروغ، اور قرآنی علوم کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ مقابلے میں اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک سے تعلق رکھنے والے ممتاز بین الاقوامی قراء کرام شرکت کر رہے ہیں جو قرآنِ مجید کی قرأت میں مہارت اور تجربے کے حامل ہیں۔

29نومبر کو مقابلے میں اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والے قراء کرام کو انعامات دئیے جائیں گے۔ مقابلے کے دوران چار بین الاقوامی ججز اپنے فرائض سر انجام دیں گے جبکہ ملک کے معروف قاری سید صداقت علی چیف جج کے فرائض سرانجام دیں گے۔مقابلے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے قراء یکم  دسمبر کو لاہور اور 3 دسمبر کو کراچی میں صوبائی سطح پر منعقد محافل میں بھی شرکت کریں گے، جنہیں متعلقہ صوبائی حکومتوں کے تعاون سے ترتیب دیا جا رہا ہے۔

یہ مقابلہ نہ صرف پاکستان کے مذہبی وقار اور قرآنی خدمات کو عالمی سطح پر اجاگر کرے گا بلکہ عالمِ اسلام کے درمیان روحانی و ثقافتی ہم آہنگی کو بھی فروغ دے گا۔وزارت کا عزم ہے کہ پاکستان کو قرآنِ پاک کی ترویج و اشاعت کا عالمی مرکز بنایا جائے، تاکہ یہ ایونٹ امتِ مسلمہ میں اتحاد، بین المذاہب ہم آہنگی، اور قرآنی اقدار کے فروغ کا پیغام بن سکے۔